ٹک ٹاک پر لائیو اسٹریمنگ کے دوران میکسیکو کے سوشل میڈیا انفلوئنسر کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹک ٹاک پر تقریباً ساڑھے 6 لاکھ فالوورز رکھنے والے میکسیکن سوشل میڈیا انفلوئنسر سیزر گاستیلم کو اس وقت گولی مار کر قتل کر دیا گیا جب وہ 2 دیگر افراد کے ساتھ ایک کار پارکنگ میں لائیو اسٹریمنگ کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز میکسیکو کی ریاست سینالوا کے دارالحکومت کولیاکان میں پیش آیا، فائرنگ کا واقعہ مقامی پراسیکیوٹر کے دفتر کے قریب رونما ہوا۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لائیو اسٹریمنگ کی ویڈیو میں سیزر گاستیلم کو ایک ریسٹورنٹ کی کار پارکنگ میں 2 افراد کے ساتھ ہنستے اور گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے، اسی دوران موٹرسائیکل پر سوار 2 افراد وہاں پہنچے، جن میں سے ایک حملہ آور نے پستول نکال کر گاستیلم پر فائرنگ کی، جس کے بعد دونوں حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین باؤم نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ معلوم کرنا ہوگا کہ اس قتل کی وجوہات کیا تھیں، اس جرم میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جانا چاہیے۔
سیزر گاستیلم اپنے سوشل میڈیا مواد میں خود کو اکثر بیلیکو کہتے تھے، جو میکسیکو کی بعض ذیلی ثقافتوں میں ایسے افراد کے لیے استعمال ہونے والی اصطلاح ہے جنہیں منشیات فروش کارٹیل کلچر سے منسلک سمجھا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ گاستیلم نے اپنی بعض ویڈیوز میں ایک مجرمانہ گروہ کے ایک دھڑے کی جانب اشارے کیے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مئی 2025ء میں بھی 23 سالہ بیوٹی انفلوئنسر والیریا مارکیز کو ریاست جالسکو میں ٹک ٹاک پر لائیو اسٹریمنگ کے دوران گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔