کھانے کے دوران اچانک ایک شخص وہاں آیا اور سلمان خان کے سر میں انجیکشن لگانا شروع کر دیا، فلمساز شیلندر سنگھ
فلمساز شیلندر سنگھ نے سلمان خان سے متعلق ایک حیران کن واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اداکار ایک جانب بریانی کھا رہے تھے اور دوسری جانب ان کے بالوں کے علاج کے لیے سر میں انجیکشن لگائے جا رہے تھے۔
شیلندر سنگھ نے حال ہی میں سائرس بروچا کے ساتھ گفتگو کے دوران سلمان خان سے اپنی ایک ملاقات کا دلچسپ واقعہ بیان کیا۔
ان کے مطابق یہ ملاقات ممبئی میں سلمان خان کی رہائش گاہ پر ہوئی جہاں انہوں نے اداکار کو بظاہر ایک غیر معمولی اور اُس وقت بھارت میں ’غیر قانونی‘ قرار دیے جانے والے ہیئر ٹریٹمنٹ سے گزرتے ہوئے دیکھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت سلمان خان کھانے کی میز پر بیٹھے بریانی کھا رہے تھے اور سامنے لگے آئینے میں خود کو دیکھ رہے تھے۔
فلمساز نے یہ بھی بتایا کہ اداکار کو آئینے کے سامنے بیٹھ کر کھانا پسند ہے یہاں تک کہ سامنے بیٹھے شخص سے گفتگو بھی اکثر آئینے کے ذریعے کرتے ہیں۔
شیلندر سنگھ کے بقول ان کے کھانا کھانے کے دوران اچانک ایک عجیب حلیے والا شخص وہاں آیا اس نے دستانے پہنے، سوئی نکالی اور سلمان کی سر کی جلد میں انجیکشن لگانا شروع کر دیا۔
فلمساز نے بتایا کہ وہ یہ تمام منظر آئینے میں دیکھ رہے تھے اور ان کے ذہن میں سوال اٹھا کہ آخر یہ سب کیا ہو رہا ہے۔
ان کے مطابق سلمان خان نے اس موقع پر صرف اتنا کہا، ’اسٹار بننے کی ایک قیمت تو ادا کرنی پڑتی ہے، بھائی‘۔
سلمان خان کے سر میں خون کیوں انجیکٹ کیا گیا؟
شیلندر سنگھ نے اعتراف کیا کہ اس وقت انہیں معلوم نہیں تھا کہ یہ طریقہ بھارت میں غیر قانونی سمجھا جاتا ہے۔ بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ سلمان خان کے لیے پلیٹلیٹ رچ پلازما تھراپی کی جا رہی تھی۔
واضح رہے کہ پی آر پی تھراپی بالوں کے جھڑنے کے بعض علاج میں استعمال کی جاتی ہے جس میں مریض کے اپنے خون سے حاصل کیے گئے پلازما کو استعمال کیا جاتا ہے۔