کیلی فورنیا کی سب سے بڑی مسجد پر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، کم عمر حملہ آوروں کی خودکشی
پولیس چیف نے گارڈ کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا: ”وہ ایک ہیرو تھا“۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان ڈیاگو کی سب سے بڑی مسجد میں فائرنگ کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں سیکیورٹی گارڈ سمیت تین نمازی جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ کارروائی کے بعد دونوں مبینہ حملہ آوروں نے بھی خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی ہے۔
سان ڈیاگو کے پولیس چیف اسکاٹ واہل نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس واقعے کی نفرت پر مبنی جرم کے طور پر فعال تفتیش کر رہی ہے اور جب تک حقیقت سامنے نہیں آتی، اسے اسی زاویے سے دیکھا جائے گا۔

پولیس کے مطابق جب وہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو مسجد کے باہر تین بالغ افراد مردہ حالت میں پائے گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں ایک سیکیورٹی گارڈ بھی شامل ہے۔
پولیس چیف اسکاٹ واہل نے گارڈ کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی گارڈ نے وہاں موجود لوگوں کی جانیں بچانے اور اس حملے کے نقصان کو مزید بڑھنے سے روکنے میں ایک انتہائی اہم کردار ادا کیا، ”وہ ایک ہیرو تھا“۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لگ بھگ 50 سے 100 اہلکار چار منٹ کے اندر مسجد کے اندر پہنچ گئے اور سرچ آپریشن شروع کیا۔








