لندن: برطانیہ کے علاقے ڈیون میں آثار قدیمہ کے ماہرین نے زرعی زمین کے نیچے چھپا رومن دور کا شاندار موزیک دریافت کرلیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق چوتھی صدی عیسوی سے تعلق رکھنے والا یہ فن پارہ ہزاروں رنگین پتھروں کو پھولوں کی شکل میں جوڑ کر بنایا گیا ہے۔
یہ دریافت ایک قدیم رومن ولا کے کھنڈرات سے ہوئی ہے۔ اس دور میں انگلینڈ رومی سلطنت کا حصہ تھا، جس کا وہاں تقریباً 43 سے 410 عیسوی تک اثر و رسوخ قائم رہا۔
کھدائی کے دوران ماہرین کو ایک وسیع اور پیچیدہ غسل خانے کے آثار بھی ملے۔ اس قدیم حمام میں متعدد چھوٹے تالاب اور رنگین پلاسٹر سے سجائی گئی دیواریں موجود تھیں، جبکہ دیگر تاریخی نوادرات بھی برآمد ہوئے۔
یونیورسٹی آف ایکسیٹر اور کوٹس وولڈ آرکیالوجی کے ماہرین کی نگرانی میں 2 ماہ تک کھدائی جاری رہی۔ یہ کام انگلینڈ کے دیہات ہیلبرٹن اور سیمپفورڈ پیورل کے درمیان واقع زرعی زمین میں کیا گیا۔
اس تحقیقی سرگرمی میں ماہرین کے ساتھ رضاکاروں نے بھی حصہ لیا۔ کھدائی کے نتیجے میں سامنے آنے والے شواہد نے علاقے میں رومی دور کی زندگی اور تعمیرات کے بارے میں مزید معلومات فراہم کی ہیں۔
پروجیکٹ کی سربراہ ڈاکٹر سوزن گرینی نے بتایا کہ ماہرین پہلے سے اس رومن ولا اور اس کے اطراف موجود کام کرنے کی جگہوں سے واقف تھے۔ یہ مقام ڈیون میں رومی ثقافت کے پھیلاؤ کو سمجھنے کے لیے اہم سمجھا جاتا تھا۔
تاہم نئی دریافتوں نے اس مقام کی تاریخی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔ موزیک، غسل خانے اور دیگر آثار سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ رومی دور میں یہاں سرگرمیاں پہلے کے اندازوں سے کہیں زیادہ وسیع تھیں۔