ممبئی، 19 ستمبر (یو این آئی) اداکارہ رچا چڈھا نے اپنی پہلی نان فکشن سیریز ‘مسافری’ کا ٹریلر جاری کر دیا ہے۔ یہ رچا کا یوٹیوب پر بھی پہلا قدم ہے۔ 8 اقساط پر مشتمل اس سیریز کو رچا نے میزبانی کرنے کے ساتھ ساتھ لکھا اور پروڈیوس بھی کیا ہے۔
‘مسافری’ نئے یوٹیوب چینل ‘فل اسٹاپ’ پر 25 ستمبر سے نشر ہوگی۔ اس کے بعد ہر جمعہ کو ایک نئی قسط جاری کی جائے گی۔ اس چینل کو رچا چڈھا اور علی فضل نے شروع کیا ہے۔
‘مسافری’ رچا اور علی فضل کے پروڈکشن ہاؤس بٹٹنس اسٹوڈیوز کی دوسری پیشکش ہے۔ اس سے پہلے پروڈکشن ہاؤس کی فلم ‘گرلز ول بی گرلز’ کو سنڈانس میں کئی اعزازات ملے تھے اور رچا کو انڈی اسپرٹس ایوارڈز میں جان کیساویٹس پرائز سے نوازا گیا تھا۔
‘مسافری’ کا خیال رچا کے ماں بننے کے بعد اپنے آس پاس کی دنیا کو نئے نقطۂ نظر سے دیکھنے کی جستجو سے آیا۔ تاریخ میں آنرز کی تعلیم حاصل کر چکی رچا فن، تاریخ، ثقافت اور لوگوں کی زندگی کو قریب سے جاننے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
سیریز کے پہلے سیزن میں رچا ممبئی کی ان سنی تاریخ، کم معروف مقامات، دلچسپ لوگوں اور ان کہی کہانیوں کی تلاش کرتی نظر آئیں گی۔ 8 اقساط میں وہ مقامی لوگوں، فنکاروں، تاریخ دانوں اور مختلف شعبوں کے ماہرین سے گفتگو کریں گی۔
رچا نے کہا کہ ماں بننے کے بعد دنیا کو دیکھنے کا ان کا نظریہ بدل گیا اور ان کے اندر چیزوں کو نئے سرے سے جاننے کی جستجو پیدا ہوئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ جس شہر میں وہ اتنے برسوں سے رہ رہی ہیں، کیا وہ واقعی ممبئی کو جانتی ہیں اور اس شہر نے انہیں جو کچھ دیا ہے، اس کے تئیں ان کی کیا ذمہ داری ہے۔
‘مسافری’ کے ذریعے رچا اپنے ہی شہر کو ایک جستجو کرنے والی مسافر کی نظر سے جاننے کی کوشش کریں گی۔ سیریز کا پہلا سیزن پوری طرح ممبئی کے لیے وقف ہے۔