امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی آئل ٹینکر کی ضبطی اور خارگ آئل ٹرمینل پر حملے سمیت مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ متعدد تصاویر شیئر کر دیں۔
امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر مختلف اے آئی تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں سے 4 تصاویر کے کیپشن میں لکھا تھا کہ اب یہ ہمارا آئل ٹینکر ہے، جبکہ تصاویر میں ٹرمپ ایک بظاہر ایرانی آئل ٹینکر پر امریکی پرچم لہراتے کھڑے نظر آتے ہیں۔
ایک تصویر میں امریکی فوجیوں کو بھی دکھایا گیا ہے، جبکہ دوسری میں فوجیوں کے ساتھ ایسے کردار بھی شامل ہیں جو بظاہر ایرانی مذہبی رہنماؤں کی عکاسی کرتے ہیں، جو جہاز سے چھلانگ لگا دیتے ہیں۔
بعد ازاں صدر ٹرمپ نے ایک اور تصویر شیئر کی، جس کے ساتھ نو مور انجنز کا کیپشن درج تھا، اس اے آئی تصویر میں ایک ایرانی جہاز کو دھماکے سے تباہ ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
بعض تصاویر میں امریکی صدر نے خود کو اور امریکا کو دنیا کا محافظ قرار دیا ہے جو دنیا کو ایران سے بچانے میں مصروف ہے۔