لندن : برطانوی دارالحکومت لندن میں ایک خاتون کے راہگیروں پر تیزدھار آلے سے پے در پے حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق مذکورہ واقعہ معروف سیاحتی اور تجارتی علاقے کوونٹ گارڈن میں پیش آیا۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ چاقو بردار خاتون کے حملے سے ہر طرف افراتفری مچ گئی۔ جہاں اطلاع ملتے ہی پولیس، ایمبولینس سروس اور لندن کی ائر ایمبولینس نے ریسکیو کارروائی شروع کردی۔
ادھر دوسری طرف پولیس معمولی مزاحمت کے بعد خاتون حملہ آور کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی، جہاں 8 افراد کو چاقو کے گہرے وار کے باعث شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی عمریں 34، 39، 42 اور 52 سال ہیں، جن میں سے ایک کو بڑے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔ نیوز ایجنسیز کے مطابق خاتون کی عمر 47 سال ہے۔ یہ بات بھی علم میں رہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فی الحال دہشت گردی یا منظم حملے کے شواہد نہیں ملے۔