بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف پر فائرنگ کے معاملے کی جانچ کرائم برانچ کو سونپ دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بشنوئی گینگ سے وابستہ معاملات کی جانچ اب تک کرائم برانچ ہی کرتی رہی ہے۔
انہی باتوں کے پیش نظر یہ تفتیش بھی کرائم برانچ کو منتقل کی گئی ہے۔ حالانکہ ممبئی جوہو علاقے میں اتوار کے روز اداکار ٹائیگر شراف کی کار پر فائرنگ معاملے میں پولیس نے پہلے ہی اپنی تفتیش تیز کر دی تھی۔
تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ واردات کو انجام دینے کے بعد تینوں ملزمین حملے میں استعمال کی گئی پلسر بائیک کو اندھیری ریلوے اسٹیشن پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے اسٹیشن کے باہر سے بائیک ضبط کر لی ہے۔
اس معاملے میں ممبئی کے جوہو پولیس اسٹیشن نے 3 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ (1)109، (5)3 اور آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ بائیک ممبئی میں رجسٹرڈ ہے۔ پولیس اب نمبر پلیٹ، چیسس اور انجن نمبر کے ذریعے گاڑی کا ریکارڈ کھنگال رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی جانچ کی جا رہی ہے، تاکہ ملزمین کی شناخت کے ساتھ ساتھ واردات کے بعد ان کی نقل و حرکت کا بھی پتہ لگایا جا سکے۔
کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹائیگر شراف پر حملہ کرنے والے 2 شوٹرس کی تصاویر سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوئی ہیں۔ دونوں حملہ آور سفید شرٹ پہنے نظر آرہے ہیں۔ انہی دونوں نے ٹائیگر شراف پر گولیاں چلائی تھیں۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کی شام فٹ بال کھیل کر واپس لوٹ رہے ٹائیگر شراف کی کار پر حملہ آوروں نے 5 راؤنڈ فائرنگ کی تھی۔ اس حملے میں ٹائیگر بال بال بچ گئے، جبکہ ان کے ڈرائیور کو شدید چوٹ آئی ہے۔
واقعے کے بعد نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اداکار ٹائیگر شراف سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹائیگر کے دائیں ہاتھ پر گن پاؤڈر سے جھلسنے کے نشانات ہیں۔ حالانکہ انہیں گولی نہیں لگی۔
فائرنگ میں ٹائیگر کے ڈرائیور فردوس اور ایک آٹو ڈرائیور کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ پولیس نے پوچھ تاچھ کے لیے ایک شخص کو حراست میں بھی لیا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ٹائیگر شراف سے ملاقات کے بعد بتایا کہ اداکار کے دائیں ہاتھ پر بارود سے جھلسنے کے نشانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداکار اور ان کا خاندان اس واقعے سے فکرمند ہیں۔ اہل خانہ نے شندے کو بتایا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی یا تنازعہ نہیں ہے۔
ٹائیگر شراف سے ملاقات کے بعد نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ ممبئی میں کسی کو بھی قانونی نظم ونسق بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اداکار اور ان کے خاندان کو تحفظ کی یقین دہانی کراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ساتھ ہی انھوں نے یقین دلایا کہ ممبئی پولیس اور مہاراشٹر حکومت اداکار کے خاندان کے ساتھ ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بھروسہ دلایا کہ اس معاملے کو ترجیحی بنیاد پر لیا جائے گا اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔