ٹوکیو: جیل کا نام سنتے ہی عموماً ذہن میں تنگ و تاریک کمروں، لوہے کی سلاخوں اور قیدیوں کا تصور آتا ہے لیکن جاپان میں ایک تاریخی جیل کو منفرد انداز میں لگژری ہوٹل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
جاپان کی ایک کمپنی نے نارا شہر میں واقع ایک صدی سے زائد پرانی نارا جیل کی تزئین و آرائش کرکے اسے ایک پرتعیش ہوٹل میں تبدیل کردیا ہے، جہاں اب دنیا بھر سے آنے والے سیاح قیدیوں کے سابق کمروں میں قیام کا منفرد تجربہ حاصل کررہے ہیں۔
نارا جیل کی تعمیر 1908ء میں مکمل ہوئی تھی، جبکہ تاریخی اہمیت کے باعث اسے 2017ء میں ثقافتی ورثے کا درجہ دیا گیا۔ کئی دہائیوں تک جیل کے طور پر استعمال ہونے والی اس عمارت کو تقریباً 7 سال کی تزئین و آرائش کے بعد جون 2026ء میں نئے نام ہوشینو نارا پریزن ہوٹل کے تحت دوبارہ عوام کے لیے کھول دیا گیا۔
جیل سے ہوٹل تک کا سفر
تاریخی عمارت کو ہوٹل میں تبدیل کرنے کے دوران اس کے اصل تعمیراتی خدوخال اور تاریخی خصوصیات کو بڑی حد تک برقرار رکھا گیا ہے، تاکہ یہاں آنے والے مہمان جدید سہولیات کے ساتھ ماضی کی اس عمارت کی تاریخ سے بھی جڑ سکیں۔
عمارت کا ڈیزائن منفرد ستارہ نما شکل میں بنایا گیا ہے، جس کے پانچ ونگز ایک مرکزی کمانڈ پوسٹ کے گرد تعمیر کیے گئے ہیں۔ تقریباً 25 ایکڑ رقبے پر پھیلی اس تاریخی جگہ میں ہوٹل کے علاوہ ایک میوزیم بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں جیل کی تاریخ اور اس سے وابستہ مختلف پہلوؤں کو محفوظ کیا گیا ہے۔
قیدیوں کے کمرے بن گئے لگژری سوئٹس
ہوٹل کی سب سے منفرد خصوصیت اس کے کمرے ہیں۔ ماضی میں جن کمروں میں قیدی سلاخوں کے پیچھے وقت گزارتے تھے، انہیں باہم ملا کر جدید اور پرتعیش رہائشی کمروں میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
ہوٹل میں مہمانوں کے لیے تین مختلف اقسام کے کمرے دستیاب ہیں۔ ان میں سب سے بڑا کمرہ بنیادی طور پر 11 سابق حوالاتی کمروں کو ملا کر تیار کیا گیا ہے۔
118 سال پرانی جیل جسے پرتعیش ہوٹل میں تبدیل کر دیا گیا
رپورٹس کے مطابق یہاں ایک رات کا قیام تقریباً 245 امریکی ڈالرز سے شروع ہوتا ہے، تاہم کرایے میں سیاحتی سیزن اور کمرے کی قسم کے مطابق فرق ہوسکتا ہے۔
پرانی شناخت برقرار
تزئین و آرائش کے باوجود ہوٹل کی بیشتر تاریخی تعمیراتی تفصیلات کو محفوظ رکھا گیا ہے۔ عمارت کے ہالز میں پرانے طرز کی تعمیر، لکڑی کے سبز دروازے اور دیگر تاریخی عناصر اب بھی دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ بعض کمروں کے نمبر بھی سابقہ جیل کے دور کے ہی برقرار رکھے گئے ہیں۔
تاریخی عمارت کو جدید ہوٹل میں تبدیل کرنے کے منصوبے میں سب سے بڑا چیلنج یہی تھا کہ جدید سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عمارت کی اصل تاریخی شناخت اور تعمیراتی خصوصیات کو کس طرح محفوظ رکھا جائے۔
مغربی طرز تعمیر کی جھلک
نارا جیل جاپان کی ان تاریخی جیلوں میں شمار ہوتی ہے جنہیں مغربی طرز تعمیر سے متاثر ہوکر تعمیر کیا گیا تھا۔ عمارت میں رومن طرز تعمیر کے عناصر بھی نمایاں ہیں، جو اسے جاپان کی دیگر روایتی عمارتوں سے منفرد بناتے ہیں۔
نارا شہر میں قائم اس جیل میں ماضی میں ایک وقت میں تقریباً 16 سے 26 قیدی رکھے جاتے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جیل کی تعمیر کے کام میں خود قیدیوں نے بھی حصہ لیا تھا۔
118 سال پرانی جیل جسے پرتعیش ہوٹل میں تبدیل کر دیا گیا
اب یہی تاریخی عمارت قیدیوں کے بجائے سیاحوں کی میزبانی کررہی ہے، جہاں مہمان جدید آسائشوں کے ساتھ ایک ایسی عمارت میں قیام کرتے ہیں جو ایک صدی سے زائد عرصے تک جاپان کے عدالتی اور جیل کے نظام کا حصہ رہی۔
ہوٹل کے دوبارہ کھلنے کے بعد سے یہ منفرد مقام بین الاقوامی سیاحوں کی توجہ حاصل کررہا ہے اور تاریخی ورثے کو نئے استعمال میں لانے کی ایک دلچسپ مثال بن گیا ہے۔