تہران سے کربلا تک؛ زائرین اربعین کی خدمت اور صفائی کے لیے تہران میونسپلٹی کا وسیع آپریشن
اربعینِ حسینی کے موقع پر تہران میونسپلٹی نے زائرین کی خدمت اور راستوں کی صفائی کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اربعینِ حسینی کے موقع پر تہران میونسپلٹی نے زائرین کی خدمت اور راستوں کی صفائی کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اس سلسلے میں ویسٹ مینجمنٹ آرگنائزیشن نے اپنے ہزاروں رضاکاروں، درجنوں خدماتی گاڑیوں اور بڑی مقدار میں صفائی کے سامان کو ایران و عراق کے سرحدی علاقوں اور زائرین کے راستوں پر تعینات کیا ہے۔
تہران میونسپلٹی کی ویسٹ مینجمنٹ آرگنائزیشن کے سربراہ محسن قضاتلو کے مطابق اس سال “روضۂ رضوان” منصوبے کے تحت 1290 رضاکار خادمین کو عتباتِ عالیات روانہ کیا گیا ہے تاکہ وہ صفائی، کچرے کی منتقلی اور شہری خدمات کی انجام دہی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ 30 رکنی ابتدائی ٹیم کو پیشگی طور پر عراق بھیجا گیا تھا تاکہ رہائش، گوداموں اور دیگر انتظامی امور کی تیاری مکمل کی جا سکے۔ بعد ازاں یکم سے تین مرداد کے دوران رضاکاروں کی بڑی تعداد عراق روانہ کی گئی، جبکہ آخری قافلہ چھ مرداد کو روانہ ہوا۔
ستر کچرا بردار گاڑیاں عراق روانہ
محسن قضاتلو نے بتایا کہ تقریباً 70 کچرا بردار گاڑیاں بھی عراق بھیجی گئی ہیں جو عراقی بلدیاتی اداروں کے تعاون سے نجف، کربلا اور پیدل مارچ کے راستوں پر صفائی اور کچرے کی منتقلی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
ان کے بقول عراق میں ویسٹ مینجمنٹ اور ری سائیکلنگ کے شعبے کو بعض چیلنجز درپیش ہیں، اس لیے تہران میونسپلٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی افرادی قوت اور مشینری زائرین کو بہتر ماحول فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔
ہزاروں ڈسٹ بن اور کچرا بیگز کی فراہمی
اربعین کے دوران صفائی کے مؤثر انتظام کے لیے 490 عدد 120 لیٹر کے ڈسٹ بن، 550 عدد 240 لیٹر کے ڈسٹ بن، 460 عدد 1100 لیٹر کے بڑے کنٹینرز اور 28 ہزار 200 کلوگرام کچرا بیگز مختلف مقامات پر فراہم کیے گئے ہیں۔
مزید برآں تمام رضاکار خادمین کو صفائی کے لیے درکار ذاتی سامان، جھاڑو اور دیگر ضروری آلات بھی مہیا کیے گئے ہیں۔
چار سو بسیجی رضاکار بھی خدمت میں مصروف
قضاتلو نے بتایا کہ تہران میونسپلٹی کے تقریباً 400 بسیجی رضاکار بھی زائرین کی خدمت کے مختلف منصوبوں میں شریک ہیں۔ اسی طرح نجف سے کربلا کے راستے میں عمود 707 پر قائم موکبِ علی بن موسیٰ الرضاؑ شب و روز زائرین کی میزبانی اور خدمت میں مصروف ہے۔







