امریکی ریاست الاباما کے گلف شورز انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک مسافر خاتون کے سامان سے امریکی خانہ جنگی کے دور کے 5 چوری شدہ توپ کے گولے برآمد ہوئے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 18 جولائی کو ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے ایک اہلکار نے ایکس رے اسکیننگ کے دوران سوٹ کیس میں ایک مشکوک چیز دیکھی اور سوٹ کیس کی تلاشی لینے پر 5 چھوٹے توپ کے گولے برآمد ہوئے جس کے بعد فوری طور پر سپروائزر کو اطلاع دی گئی۔
اس حوالے سے ٹی ایس اے کے اہلکار جسٹن ڈوپری نے بتایا کہ میں نے اس سے پہلے بھی غیر فعال دستی بم اور تربیتی گولہ بارود ضرور دیکھا تھا لیکن ایئر پورٹ پر اس نوعیت کا تاریخی اور چوری شدہ نوادرات کا معاملہ پہلی بار سامنے آیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ برآمد ہونے والے گولے غیر فعال تھے اور ان میں کوئی دھماکا خیز مواد موجود نہیں تھا لیکن توپ کے گولے فوجی گولہ بارود شمار ہوتے ہیں اس لیے انہیں جہاز میں ساتھ لے کر جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔
رپورٹ کے مطابق جب پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ یہ گولے فورٹ مورگن سے چرائے گئے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شناخت گولوں پر قلعے کے عملے کی جانب سے لگائے گئے مخصوص رنگی نشانات کی مدد سے کی گئی اور یہ تصدیق بھی ہوئی کہ یہ امریکی خانہ جنگی کے دور کے گولے ہیں۔
پولیس کے مطابق ایک کم عمر لڑکے نے یہ گولے فورٹ مورگن کے اسٹوریج ایریا سے چرائے اور اپنی دادی کے بیگ میں رکھ دیے تھے۔
دادی نے پولیس کو بتایا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ سامان میں موجود چوری شدہ توپ کے گولے موجود تھے۔