واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جلد ہی ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کا اشارہ دے دیا۔
وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ امریکا جلد ہی ایران پر دوبارہ حملہ کر سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایران کو بری طرح نشانہ بنایا ہے اور ممکن ہے کہ ہم مزید کچھ کارروائی بھی کریں۔
امریکی وسط مدتی انتخابات کے دوران ووٹرز پر جنگ کے اثرات سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ ایک لحاظ سے وہ اس بات کو پسند کرتے ہیں کیونکہ میں وہ کر رہا ہوں جو دوسرے صدور کو کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جانب ممکن ہے کہ وہ اسے پسند نہ کریں۔ اس کی ایک قیمت چکانا پڑتی ہے، جس کا مجھے یہ قدم اٹھاتے ہی اندازہ تھا، لیکن ہم ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
واضح رہے کہ امریکی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ امریکا اور اسرائیل نے انتخابات کے بعد ایران پر نئے حملوں کا منصوبہ بنالیا۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیدار نے بتایا کہ امریکا اور اسرائیل نے امریکی وسط مدتی انتخابات کےبعد ایران پر دوبارہ حملوں کا منصوبہ بنالیا ہے، دونوں ممالک کی افواج ممکنہ حملوں کی مشقیں بھی تیز کرچکی ہیں، ممکنہ اہداف میں ایران کی توانائی تنصیبات، جوہری مراکز، میزائل اور ڈرونز ذخائرشامل ہیں۔