جموں میں اتوار کی دیر شب ریلوے اسٹیشن کے سامنے واقع شیوا مارکیٹ میں خوفناک آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے اس آگ نے کم از کم 40 دکانوں کو اپنی زد میں لے لیا۔
اس حادثے میں دکانوں میں رکھا سامان جل کر پوری طرح خاک میں تبدیل ہو گیا، جبکہ ایک ہوٹل کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ابتدائی اندازے کے مطابق اس واقعہ میں کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں افراتفری مچ گئی اور فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔
اتوار کی دیر شب لگی اس آگ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ابتدا میں یہ آگ خوفناک معلوم نہیں ہو رہی تھی، لیکن کچھ ہی دیر میں اس کے شعلے آس پاس کی دکانوں تک پہنچ گئے۔
آگ کی شدت دیکھ کر مقامی لوگوں اور دکانداروں میں افراتفری مچ گئی۔ دکانوں میں رکھا سامان بچانے کی کوششیں بھی کی گئیں، لیکن آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث کافی نقصان ہوا۔
آگ کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی شروع کر دی۔ آگ کی شدت کے سبب انھیں کافی مشقت کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس اور انتظامیہ کے افسران بھی موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ آگ سے ہونے والے نقصان کے بارے میں ابتدائی اطلاعات میں الگ الگ اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ بی جے پی رکن اسمبلی وکرم رندھاوا کے مطابق اس حادثے میں تقریباً 40 دکانیں پوری طرح جل گئی ہیں۔
ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ حالانکہ اس کی آفیشیل تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ آگ کس وجہ سے لگی اور ابتدا میں اس کی زد میں کون سی دکان آئی، اس کا پتہ جانچ کے بعد ہی چل سکے گا۔
قابل ذکر ہے کہ جموں ریلوے اسٹیشن کے سامنے واقع شیوا مارکیٹ ایک اہم کاروباری علاقہ ہے۔ یہاں کئی طرح کی دکانیں اور تجارتی ادارے ہیں۔ آگ میں دکانوں کے جلنے سے متاثرہ تاجروں کے سامنے اب روزی روٹی کا بحران کھڑا ہو گیا ہے۔
جن دکانداروں کا سامان اور دکانیں پوری طرح تباہ ہو گئی ہیں، انہیں دوبارہ کاروبار شروع کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔