سری نگر: جنوبی کشمیر میں سالانہ امرناتھ یاترا احسن طریقے سے جاری ہے جہاں اب تک 3 لاکھ 8 ہزار یاتریوں نے پوتر گھپا میں شیولنگم کے درشن کئے ۔ 59 دنوں تک جاری رہنے والی سالانہ یاترا 29 اگست کو رکھشا بندھن کے دن اختتام کو پہنچے گی۔ یاترا کنٹرول روم کے ایک افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ یاترا احسن طریقے سے جاری ہے اور موسم بھی خوشگوار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے 3 ہزار 300 یاتریوں نے کل پوتر گھپا میں حاضری دی۔ انہوں نے بتایا کہ یاترا کے پہلے 29 دنوں کے دوران اب تک 3 لاکھ 8 ہزار یاتریوں نے برف سے بنے ہوئے شیولنگم کے درشن کئے ۔ امسال جاری یاترا کے دوران تاحال 36 افراد بشمول یاتریوں اور خدمتگاروں کی مختلف طبی وجوہات کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ جمعرات کی صبح یاتریوں کے تازہ قافلے بشمول خواتین، بچے اور سادھو بال تل اور ننون پہلگام بیس کیمپوں سے پوتر گھپا کی طرف روانہ ہوئے ۔ اس دوران امرناتھ گپھا کی درشن کیلئے 558یاتریوں پر مشتمل تازہ قافلہ جمعرات کی صبح صوبہ جموں کے بھگوتی نگر میں واقع یاتری نواسن بیس کیمپ سے وادی کشمیر کی طرف روانہ ہوا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 558یاتریوں کے قافلے میں 432مرد یاتریوں کے علاوہ 74خواتین ، 2بچے اور49 سادھو شامل ہیں۔ یاتریوں کا یہ قافلہ 16گاڑیوں پر مشتمل ہے ۔