نئی دہلی: پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پیر کو تیل کمنیوں نے فی لیٹر ڈیزل کی قیمت میں دو روپے 71 پیسے جبکہ پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر دو روپے 61 پیسے کا اضافہ کر دیا ہے۔
یہ اضافہ گزشتہ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں چوتھا اضافہ ہے۔ سرکاری کمپنیاں ایندھن کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی قیمتوں کا حوالہ دے رہی ہیں۔
پٹرول ڈیزل کی اضافی قیمتیں آج سے نافذ العمل ہیں۔
دوسری طرف اتر پردیش گرم لہر اور آندھی کی دوہری مار جھیل رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 10 اضلاع میں لو کے لیے ریڈ الرٹ اور 23 اضلاع میں آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ اتوار کو 46.8 ڈگری کے ساتھ باندہ اترپردیش میں سب سے گرم رہا۔ وہیں پریاگ راج، جھانسی، اورئی اور آگرہ میں بھی درجہ حرارت 45 ڈگری سے تجاوز کر گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی ہندوستان، مغربی ہمالیائی علاقہ اور جنوب مغربی ہندوستان کو چھوڑ کر دیگر حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری کے درمیان برقرار رہا۔ ملک کے ایک بڑے حصے میں جمعہ تک راحت کی امید بھی نہیں ہے۔
خاص طور پر راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر اور گجرات کے بڑے حصے میں شدید گرمی جاری رہنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی ہے کہ شمالی ہندوستان، خاص طور پر دہلی-این سی آر، مغربی اترپردیش، پنجاب، ہریانہ، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش میں 29 مئی سے موسم میں تبدیلی نظر آئے گی۔
ان ریاستوں میں 50 فیصد علاقوں میں جمعہ کو بارش، آندھی کا امکان ہے۔ اس وجہ سے ان علاقوں میں ہفتے کو زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم دونوں ہی درجہ حرارت میں گراوٹ آنے کی توقع ہے۔ وہیں موسم میں تبدیلی سے درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری تک گراوٹ آ سکتی ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ مانسون طے وقت سے 4 دن پہلے 26 مئی کو کیرالہ کے ساحل پر دستک دے سکتا ہے۔ اس سے پہلے ہی کیرالہ، انڈمان-نکوبار جزیرے اور لکشدیپ میں قبل از مانسون بارش شروع ہو چکی ہے۔ کیرالہ اور لکشدیپ، تمل ناڈو، شمال مشرق اور ملحقہ علاقوں میں اگلے 5-4 دنوں تک کئی مقامات پر بھاری بارش ہو سکتی ہے۔
وہیں آسام، سکم، اروناچل پردیش، میگھالیہ کے علاوہ مغربی بنگال کے ہمالیائی علاقوں میں محکمہ موسمیات نے اگلے 3 دن تیز آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آسام، میگھالیہ، اڈیشہ، جھارکھنڈ، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال میں کچھ مقامات پر 100-60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔ وہیں اتراکھنڈ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کئی جگہ ژالہ باری کی اطلاعات ہیں۔